نئی دہلی، 30؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )رائے دہندگان کو لبھانے کے الزام میں جن امیدواروں کے نام چارج شیٹ میں نامزد کئے گئے ہیں ان کو نااہل ٹھہرانے کے لیے الیکشن کمیشن حکومت سے قانون میں ترمیم کرنے کی اپیل کرے گا۔الیکشن کمیشن نے حال ہی میں رائے دہندگان کو لبھانے کے لیے پیسے کا استعمال کرنے کے الزام میں تمل ناڈو ضمنی انتخابات منسوخ کر دیا تھا ۔الیکشن کمیشن سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے وزارت قانون کو متعلقہ قانون میں تبدیلی لانے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس سے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات لڑنے والے کسی بھی امیدوار جسے عدالت نے چارج شیٹ کیا ہو، کو پانچ سالوں کے لیے نااہل ٹھہرانا یقینی بنایا جاسکے۔اس ماہ کے شروع میں کمیشن نے ان الزامات کی وجہ سے آر کے نگر ضمنی انتخابات کو منسوخ کر کیا تھا، ضمنی انتخابات 12؍اپریل کو ہوا تھا۔ایک تفصیلی حکم میں کمیشن نے اشارہ دیا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور ان کے سینئر لیڈروں نے آر کے نگر اسمبلی انتخابات میں رائے دہندگان کو لبھانے کے لیے نئے طریقوں کا استعمال کیا۔اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے حکومت سے الیکشن قانون کے تحت وہ اختیارات دینے کے لیے کہا ہے ،جہاں وہ دولت کے استعمال والے انتخابات کی مخالفت کر سکے۔فی الحال الیکشن کمیشن صرف طاقت کے استعمال والے انتخابات کی مخالفت کر سکتا ہے۔